فوج کا ادارہ ہی پاکستان کے تحفظ و بقا کا ضامن ہے ‘ ایم آر پی

Pak Army

Pak Army

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیاستدانوں کی مفاد پرستی کے باعث وطن عزیز جب بھی اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہوا افواج پاکستان نے ہی سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ پاکستان کو سازشوں ‘ بیرونی خطرات اور اندرونی ریشہ دوانیوں سے محفوظ بنانے کیلئے لازوال و تاریخی قربانیاں پیش کیں اور اسکی سلامتی و عوام کے تحفظ کو برقرار رکھا ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ جس طرح پارلیمنٹ قومی ادارہ ہے اور اس میں لوگ آتے جاتے رہتے اور اپنے فرائض کو دیانتداری یا مفاداتی انداز سے نبھاتے رہتے ہیں اسی طرح فوج بھی ایک ادارہ ہے جس میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں مگر کسی ایک فرد یا چند افراد سے شکایت کی بنا پر نہ تو پوری پارلیمنٹ پر داغ لگایا جاسکتا ہے۔

اور نہ ہی فوج کے پورے ادارے کی کردار کشی مناسب عمل ہے اسلئے متحمل مزاج سیاستدان آصف زرداری کی جانب سے فوج کے تذکرے میں صبر کا دامن چھوڑنا اور سخت الفاظ کا استعمال تمام سیاستدانوں کیلئے کسی اچھنبے سے کم نہیں ‘ ایسے حالات میں جب ایک جانب ہماری افواج ملک کے دفاع اور ہمیں محفوظ کرنے کے لیے اپنی جانیں دے رہی ہے تو دوسری جانب بھارت ڈنڈہ لئے ہم پر چڑھ دوڑنے کیلئے تیار ہے ملکی دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ادارے پر تنقید مناسب نہیں‘ لہٰذا تمام شکایات کے ازالے کیلئے معاملات کو سمجھنے اور انہیں سلجھانے کی ضرورت ہے کیونکہ دھمکیوں سے مسائل حل نہیں ہوتے۔