بہار میں بارودی سرنگ دھماکے، دس سکیورٹی اہلکار ہلاک

Ammunition

Ammunition

بہار (جیوڈیسک) انڈیا کی شمال مشرقی ریاست بہار کے اورنگ آباد ضلعے میں بارودی سرنگ دھماکوں میں سکیورٹی فورسز کے دس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تین ماؤ نواز باغیوں کی ہلاکت بھی اطلاعات ہیں۔

بہار کے آئی جی سنیل کمار نے صحافی کو بتایا کہ ’پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والے واقعے میں نکسلیوں (ماؤنواز باغیوں) نے کئی دھماکے کیے جس میں سی آر پی ایف کے خصوصی دستے کوبرا (كمبیٹ بٹیلین فار ریزوليوٹ ایکشن) کے دس جوان ہلاک ہو گئے۔‘

دریں اثنا بہار کے آئی جی آپریشنز کندن کرشن نے بتایا ہے کہ کوبرا بٹیلین کی جوابی کارروائی میں چند نکسلی بھی مارے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کے ’جائے حادثہ سے تین نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔‘

بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے صحافی نیرج سہائے نے بتایا کہ یہ حملے ڈمری گاؤں کے قریب سونداہا کے جنگلوں میں ہوئے اور زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل پٹنہ میں واقع سی آر پی ایف کنٹرول روم نے کم از کم سات سکیورٹی اہلکاروں کے مارے جانے کے بارے میں بتایا تھا جبکہ سی آر پی ایف کے ہی ڈپٹی کمانڈنٹ سنجیو چودھری نے دو سکیورٹی اہلکاروں اور تین نکسلیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی تھی۔

سنجیو چودھری نے یہ بھی کہا کہ تین زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے پٹنہ لایا گیا ہے جبکہ دو اہلکاروں کا گیا میں علاج جاری ہے۔