اعظم سلیمان کا پاور پلانٹ حویلی بہارد شاہ کا دورہ، سیکورٹی انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا

Visit

Visit

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ہوم سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا کے ہمراہ پاور پلانٹ حویلی بہارد شاہ کا دورہ کر کے چائنیز انجینئرز اور ورکروں کے لئے سیکورٹی انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا۔

اس موقع پر پاور پلانٹ پراجیکٹ کابینہ کمیٹی کے ممبر آئی جی ریٹائرڈ رانا مقبول احمد،ایڈیشنل آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ آغا یوسف ،قائمقام کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلیمان غنی، ریجنل پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ،قائم مقام ڈی سی او عبدالقاد ر شاہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھواور دیگر سینئر سیکورٹی حکام بھی موجود تھے۔ سینئر سیکورٹی حکام نے ہوم سیکرٹری اور دیگر حکام کو پاور پلانٹ پر کام کرنے والے چائنیز انجینئرز اور ورکروں کی سیفٹی اور سیکورٹی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کے چاق و چوبند کمانڈوزہمہ وقت پاور پلانٹ کی سیکورٹی کیلئے تعینات ہیں جبکہ چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر سیکورٹی کی مانیٹرنگ کا بھی سلسلہ جاری ہے۔اس دوران پاور پلانٹ انتظامیہ کی طرف سے آگاہ کیا گیا کہ پاور پلانٹ میں سٹاف اور ورکروں کی داخلہ کے موقع پر شناخت کے کام کو مزید موثر بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم بہت جلد نصب کر دیا جائیگا۔

آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاور پلانٹ پراجیکٹ کے سیکورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے سیکورٹی کے معاملات کو مزیدبہتر اور فعال بنانے کے حوالہ سے کہا کہ پاور پلانٹ کے اطراف داخلی و خارجی راستوں کا خصوصی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوںنے سختی سے ہدایت کی کہ ہر شخص کی سخت اور مکمل چیکنگ کے بعد ہی پاور پلانٹ کے ایریا میں داخلہ کی اجازت دی جائے۔

سیکرٹری ہوم پنجاب نے میجر اعظم سلیمان نے پاور پلانٹ انتظامیہ کو تاکید کی کہ پاور پلانٹ میں کام کرنے والے تمام ورکرز کیلئے سایہ دار جگہ ،پنکھوں اور پینے کے ٹھنڈے پانی کا معقول بندوبست کیا جائے تاکہ وہ اس گرمی کے موسم میں اپنے فرائض آسانی اور تیز رفتاری سے سرانجام دے سکیں۔