وزارت داخلہ کا 19 غیر ملکی این جی اوز کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق 19 غیر ملکی این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق 19 غیر ملکی این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میڈیا ہاؤسز اور اسکولوں کے نمائندوں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہےجب کہ اجلاس میں اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں قائم 300 سے زائد اسکولوں کی منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قائم اسکولوں کی منتقلی سے متعلق پلان کی تشکیل دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہ ہزاروں طلبہ کی قیمتی جانوں کا معاملہ ہے اس لیے سی ڈی اے حکام کو بھی اجلاس میں طلب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کمپنیز کو چاہیے کہ وہ اپنے ملازمین اور صارفین کو بہترین سہولیات مہیا کرے، سیکیورٹی کمپنیوں کو صرف پیسہ بٹورنے اور ملازمین کا استحصال نہیں کرنے دیں گے اور غیر معیاری سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔