منیسوٹا میں چاقو سے حملہ آور نے آٹھ افراد کو زخمی کر دیا

Minnesota Police

Minnesota Police

منیسوٹا (جیوڈیسک) امریکہ کی ریاست منیسوٹا میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے آٹھ افراد کو زخمی کر دیا اور وہاں موجود ایک پولیس افسر نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

یہ واقعہ ہفتہ کو دیر گئے سینیٹ کلاؤڈ کے ایک شاپنگ مال میں پیش آیا۔

مقامی پولیس کے سربراہ بلیئر اینڈریسن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کسی بھی زخمی کی حالت خطرے میں نہیں ہے۔

اینڈریسن نے حملہ آور کی شناخت کے بارے میں تو کوئی تفصیل فراہم نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ اس نے ایک نجی سکیورٹی فرم کے کارکنوں کا لباس پہن رکھا تھا اور چاقو سے لیس تھا۔

ان کے بقول حملہ آور نے ایک مرتبہ اللہ کہہ کر پکارا اور ایک شخص سے یہ بھی پوچھا کہ وہ مسلمان ہے یا نہیں۔

اینڈریسن کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے علاقے کا پولیس افسر جو کہ اس وقت ڈیوٹی پر نہیں تھا، اس نے حملہ آور کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارا۔

ان کے بقول فی الوقت اس حملے کے محرکات معلوم نہیں لہذا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا۔

بعض عینی شاہدین کے مطابق یہاں گولی چلنے کی آواز بھی سنائی دی جو کہ بظاہر پولیس افسر کی طرف سے حملہ آور پر چلائی گئی تھی۔

جس شاپنگ مال میں یہ واقعہ پیش آیا اسے لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور اندر موجود لوگوں کو اتوار کو علی الصبح وہاں سے جانے کی اجازت دی گئی۔

پولیس نے اس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔