مصباح الحق کا مستقبل کے حوالے سے فیصلہ جلد متوقع

Misbah ul Haq

Misbah ul Haq

لاہور (جیوڈیسک) مصباح الحق کا مصباح الحق کے حوالے سے فیصلہ 1،2 روز میں متوقع ہے، ٹیسٹ کپتان لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران دورہ انگلینڈ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کو مصباح الحق کی آخری انٹرنیشنل مصروفیت سمجھا جا رہا ہے، دوسری جانب ڈھلتی عمر کے باوجود فٹنس کے ہر امتحان میں پورے اترنے والے کپتان نے بار بار پوچھے جانے کے باوجود ابھی تک اس حوالے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 1،2 روز میں ان کی جانب سے کوئی فیصلہ سامنے آسکتا ہے، پی سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ قومی ٹیم کی 18جون کو انگلینڈ روانگی سے قبل ایک پریس کانفرنس کا انعقاد قذافی اسٹیڈیم میں کیا جانا ہے، جس میں کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے مستقبل کے بارے میںکوئی اعلان کرسکتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اگرچہ مصباح الحق نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا لیکن ہر کھلاڑی کیلیے بہت اچھی بات ہوتی ہے کہ وہ اپنے عروج پر کھیل کو خیرباد کہہ دے،لوگ اس بات کو ہی یاد رکھتے ہیں کہ آخری دنوں میں پلیئر نے کیسا پرفارم کیا تھا،ممکن ہے کہ وہ انگلینڈ سے سیریز کے بعد ریٹائر ہوجائیں۔

کپتان نے 61 ٹیسٹ میں 4352 رنز بنائے ہیں، انھوں نے 162 ایک روزہ میچزمیں 5122 رنز کے ساتھ کیریئر کا اختتام کیا،39 ٹوئنٹی مقابلوں میں انھوں نے 788 رنز جوڑے تھے، ٹیسٹ میں 20 فتوحات کے ساتھ وہ کامیاب ترین پاکستانی کپتان ہیں۔

واضح رہے کہ مصباح الحق نے 2012 میں ہی ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھاجب کہ گذشتہ سال ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا سفر جلد ختم ہونے کے بعد انھوں نے ون ڈے سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔