ماڈل ایان علی کی ضمانت کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

Ayaan Ali

Ayaan Ali

راولپنڈی (جیوڈیسک) کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کی وکیل نے اپنی موکلا کی ضمانت کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں تیسری بار ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر ایان علی کو پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔ ماڈل کی خواہش پر ان کی خاتون وکیل شائستہ وہاب نے اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی، اس دوران ماڈل کا رویہ انتہائی سخت تھا اور وہ ضمانت نہ ہونے پر سخت پریشان اور غصے میں نظر آرہی تھیں۔

ملاقات کے دوران ایان علی نے اپنی وکیل پر واضح کیا کہ وہ رمضان المبارک سے قبل جیل سے باہر آنا چاہتی ہے۔ جس پر ان کی وکیل نے کسٹم عدالت کی جانب سے ملزمہ کی ضمانت مسترد کئے جانے کے فیصلہ کی مصدقہ کاپی حاصل کرلی ہے، آئندہ 2 روز میں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں ان کی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

دوسری جانب کسٹم کی تفتیشی ٹیم نے دبئی فرار ہونے والے ملزم مبینہ انوسٹر محمد اویس اور پراپرٹی ڈیلر ممتاز حسین کو گرفتار کرکے پاکستان لانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں ، کسٹم انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت سے ملزمہ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت ملنے پر اس کیس میں مزید گرفتاریاں کی جائیں گی جن کے بارے ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔