اعتدال پسند، یورپی یونین کے حامی ایمینیول میکرون فرانس کے صدر منتخب

 Emmanuel Macron

Emmanuel Macron

پیرس (جیوڈیسک) ایمینیول میکرون یک طرفہ مقابلے کے بعد فرانس کے صدر منتخب ہو گئے۔ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں میکرون کو 66 اعشاریہ 1 فیصد ووٹ ملے۔ ان کی حریف میرن لی پین کے حصے میں 33 اعشاریہ 9 فیصد ووٹ آئے۔

گزشتہ سال اپنی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھنے والے 39 سالہ میکرون فرانس کے کم عمر ترین صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔

کامیابی کے بعد اپنی تقریر میں میکرون کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی اور فرانس کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

صدارتی انتخابات میں ایمینیول میکرون کی جیت پر دنیا بھر سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امینیول میکرون کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایمینیول میکرون کی حریف میرن لی پین نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے نومنتخب صدر کو مبارکباد دی۔

نتائج کے اعلان کے بعد میکرون کے حامی پیرس کے لورے میوزیم کے سامنے جمع ہوئے اور جیت کا جشن منایا۔