مودی کے پاس محض 4700 روپے ،کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں

Modi Account

Modi Account

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس محض چار ہزار سات سو روپے نقد ہیں جبکہ نئی دلی میں ان کا کوئی بینک اکائونٹ بھی نہیں ہے ۔ وزیر اعظم آفس نے مودی کے اثاثوں کی 30 جنوری، 2016 تک کی تازہ تفصیلات جاری کی ہیں ، جن کے مطابق ان کے کُل اثاثے اب بڑھ کر ایک کروڑ اکتالیس لاکھ روپے ہو چکے ہیں ۔

ان کے اثاثے بڑھنے کی وجہ 13 سال قبل خریدی گئی رہائشی جگہ ہے، جس کی قدر میں اس عرصے کے دوران 25 گنا اضافہ ہوا ہے ۔تفصیلات میں بتایا گیا کہ فی الوقت مودی کے پاس 4700 روپے نقد رقم ہے، جبکہ 18 اگست، 2014 میں ان کے پاس اڑتیس ہزار سات سو روپے 38700 روپے تھے۔

مجموعی طور پر 31 مارچ، 2015 تک مودی کے پاس منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد 1.26 کروڑ سے بڑھ کر 1.41 کروڑ روپے ہو گئی۔اثاثوں کی تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ مودی کے پاس کوئی گاڑی نہیں۔

مودی نے بینکوں سے کوئی قرضہ نہیں لے رکھا، جبکہ ان کے پاس 45 گرام کی چار سونے کی انگوٹھیوں کی قیمت 1.19 لاکھ روپے ہے۔مودی کے پاس 20 ہزار روپے مالیت کے بانڈز، 5.45 لاکھ روپے کے نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹس اور دو لاکھ روپے کی لائف انشورنس بھی موجود ہے۔مودی کے پاس کوئی زرعی زمین یا کمرشل جائیداد بھی نہیں ہے ۔