مودی پاکستان سے زیادتی کرنے کی کوشش نہ کریں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

رائے ونڈ (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نےکل شب رائے ونڈ کے اڈا پلاٹ پر جلسے سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو للکارتے ہوئے کہا کہ مودی صرف نواز شریف کو دیکھ کر کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کیوں کہ ہر پاکستانی کو نواز شریف کی طرح اپنا کاروبار پیارا نہیں، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندرمودی پرافسوس ہےکہ وہ گجرات واقعے کے بعد بھی تبدیل نہیں ہوئے، انہوں نے بھارتی عوام اور پاکستان کے لوگوں کو بھی مایوس کیا ہے، میں سمجھتا تھا کہ مودی شاید وزیراعظم بن کر سمجھ جائیں لیکن انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے لوگوں کو مایوس کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا بعض ایسے حلقے پائے جاتے ہیں جوپاکستان اور بھارت میں امن کے خواہاں نہیں ہیں۔ پاکستان امن چاہتا ہے اس لیے بڑھکیں مارنا بند کرو۔ انہوں نے کہا کہ مودی پاکستان کا پانی بند کرنے کا ہر گز نہ سوچیں وگرنہ یہ قوم خاموش نہیں بیٹھی رہے گی، مودی نے ہمیں مجبور کیا تو ہماری قوم کا ہر بچہ مقابلے کے تیار ہوگا اس لیے ہندوستان کا بہت نقصان ہوگا۔

لہذا مودی کو چاہیے کہ وہ عقل سے کام لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق دیں کیونکہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندوقوں سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔