محمد آصف مستقبل سے پرامید، ناروے میں کرکٹ شروع کر دی

Mohammad Asif

Mohammad Asif

اوسلو (جیوڈیسک) اگرچہ ناروے میں کرکٹ کھیل کر قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننا ایک ناممکن اور مشکل نظر آتا ہے، تاہم اس کے باوجود سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ 33 سالہ فاسٹ بولر محمد آصف پرامید ہیں کہ ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ضرور ہو گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2010ء میں آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے بولر محمد آصف نے ناروے میں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کرتے ہوئے خود کو اوسلو کے ایک مقامی کرکٹ کلب سے منسلک کر لیا ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں واپسی میرا خواب ہے۔ میں اب بھی تین چار کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔ میں کرکٹ کے میدان میں کھیل کا بہترین سٹینڈرڈ پیش کرنا چاہتا ہوں اور یہی میرا خواب ہے۔

محمد آصف نے بتایا کہ اوسلو میں موجود میرے دوستوں نے مجھے یہاں کھیلنے کی دعوت دی، جسے میں نے قبول کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوسلو کا موسم کرکٹ کیلئے بہت موزوں ہے۔ اپنے ماضی پر بات کرتے ہوئے قومی کھلاڑی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے لیکن وہ پرانی باتوں کو بھلا کر آگے

بڑھنے پر یقین رکھتے ہیں۔ محمد آصف نے کہا کہ وہ اس بارے میں نہ تو زیادہ سوچنا چاہتے ہیں اور نہ ہی زیادہ بات کرنا چاہتے ہیں، وہ اس وقت جو کرنا چاہتے ہیں تو وہ بس کرکٹ ہے۔ واضح رہے کہ محمد آصف نے اپنے کیریئر کے عروج پر ایسے فیصلے کئے جس نے ان کا کرکٹ کیریئر داؤ پر لگا دیا ہے۔