محمد حفیظ کو بولنگ ایکشن پر کلین چٹ ملنے کا یقین

Mohammad Hafeez

Mohammad Hafeez

پالے کیلی (جیوڈیسک) محمد حفیظ کو اپنے ایکشن پر کلین چٹ ملنے کا یقین ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں اب بھی ویسی ہی بولنگ کررہا رہوں جیسی 12 ماہ کے دوران کرتا رہا، اپنے انداز میں تبدیلی پر سخت محنت کی، گیند اور بیٹ دونوں کے ساتھ پاکستان کی کامیابیوں میں حصہ ڈالتا رہوں گا۔

تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کا گال ٹیسٹ میں دوسری مرتبہ بولنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا، وہ چنئی میں ٹیسٹ دے آئے اور اب نتیجے کے منتظر ہیں، اگر حفیظ کلیئر نہ ہو پائے تو ایک برس کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ پر پابندی عائد ہوجائے گی، مگر انھیں پورا یقین ہے کہ اس بار بھی آئی سی سی سے کلین چٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ٹیسٹ دینے کے بعد حفیظ نے پہلے ون ڈے میں اپنی بیٹنگ اور بولنگ دونوں سے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسی بولنگ میں نے پہلے ون ڈے میں کی ویسی ہی گذشتہ 12 ماہ سے کررہا ہوں، یہ میرا فطری انداز اور میں نے اس میں کوئی چیز نئی نہیں کی اور نہ ہی کچھ تبدیل کیا، جب شروع میں اپنے انداز میں تھوڑی تبدیلی کی تھی تب میں نے سخت محنت کی اور ہمارے اینالسٹ نے بھی کافی کام کیا تھا۔

اس لیے مجھے یقین ہے کہ میرے بائیو مکینکل ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت ہی آئے گا اور میں بیٹ اور بال دونوں کے ساتھ ٹیم کی فتوحات میں اپنا حصہ ڈالتا رہوں گا۔

کپتان اظہر علی کی جانب سے ون ڈے میں اوپننگ کی وجہ سے حفیظ کو ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کرنا پڑرہی ہے مگر وہ اس پوزیشن پر بھی کھیلنے میں کافی خوش ہیں۔

انھوں نے کہاکہ اظہر علی کافی بہترین کپتان اور پُرسکون طبیعت کے حامل ہیں، ہم سب انھیں سپورٹ کررہے ہیں، گراؤنڈ میں وہ سب کی بات سنتے ہیں، ٹیم مینجمنٹ کی خواہش ہے کہ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کروں، ویسے بھی میں ہمیشہ کسی بھی نمبر پر کھیلنے اور ٹیم کے کام آنے کے لیے تیار رہتا ہوں۔