مہمند ایجنسی سمیت پورے فاٹا میں ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے۔ ملک حاجی مصطفی

 Malik Haji Mustafa

Malik Haji Mustafa

فاٹا : مہمند ایجنسی سمیت پورے فاٹا میں ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے۔ نحقی ٹنل اور مامد گٹ روڈ کے لئے فنڈز کی فراہمی میں کردار ادا کرنے پرامیرمقام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مہمند ایجنسی میں ضرورت کے مطابق مزید نادرا سنٹرز قائم کئے جائے۔رمضان المبارک کے فوری بعد مہمند ایجنسی میں سیاسی سرگرمیاں تیز کی جائیگی اور جلسہ عام منعقد کیا جائیگا۔ جس میں انجنئیر امیر مقام سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین شرکت کرینگے۔مرکزی حکومت عام انتخابات سے پہلے فاٹا متاثرین کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے خصوصی پیکیج دے۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) مہمند ایجنسی کے رہنماؤں ملک حاجی مصطفی صافی، حاجی حمزاللہ خان، ارشادخان صافی نے حاجی بہرام خان کے زیرصدارت منگل کے روز مہمند پریس کلب میں پی ایم ایل رہنماؤں اور عہدیداروں جنرل سیکرٹری ملک علی حیدر، امان اللہ شینواری، ملک تاجمیرخان صافی، تاج علی خان،ملک نثار قندارے، نیک محمد، ملک مہربان،بخت منیر، اجمل خان، شفیق خان،ملک نور خان اور دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے مرکزی قائدین کی ہدایت پر مہمند ایجنسی میں پارٹی کی اصل حیثیت میں متعارف کرانے اور موجودہ حکومت کی قبائل دوست پالیسی کے مطابق اٹھائے گئے عملی اقدامات سے عوام کو آگاہ کرکے پارٹی کو متحرک کیا جارہا ہے۔ کیونکہ مسلم لیگ واحد جماعت ہے جس نے اپنے ادوار میں قبائلی علاقوں کو خصوصی توجہ دی ہے۔

موجودہ حکومت کی کوششوں سے فاٹا میں امن بحال اور ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے۔ انجنئیر امیر مقام نے بطور فاٹا کوارڈینیٹر اور مشیر وزیر اعظم اپنا بھر پور کردار ادا کرکے مرکزی حکومت کو مہمند ایجنسی سمیت پورے فاٹا کے مسائل سے آگاہ کردیا ہے۔ مہمند ایجنسی میں عوام کا دیرینہ اور اہم مسئلے نحقی مامد گٹ روڈ کی تعمیر کے لئے فنڈز کی منظوری میں اہم کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں پارٹی کو منظم کرکے ذیلی تنظیموں کو عوامی خدمت اور مسلم لیگ کا منشور گھر گھر پہنچانے کی ذمہ داریاں سونپی جائیگی۔ تاکہ حلقہ این اے 36 کو مسلم لیگ کا گڑھ بنایا جائیگا۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے مہمند ایجنسی کے عوام بالخصوص خواتین کی مشکلات کے خاتمے کے لئے تحصیل صافی سمیت دیگر علاقوں میں ضرورت کے مطابق نادرا سنٹرز قائم کریں اور دور افتادہ علاقوں کو موبائل ٹیمیں بھیجی جائے۔ اس کے علاوہ بجلی اور لنگ روڈز کی ہر علاقے تک رسائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں عیدالفطر کے بعد پارٹی تقریبات اور اجلاسوں کا سلسلہ تیز کیا جائیگا۔ جس میں آئندہ عام انتخابات کے لئے مہمند ایجنسی سے مسلم لیگ کے امیدوار کا بھی انتخاب کیا جائیگا۔ اور بہت جلد مہمند ایجنسی میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائیگا۔ جس میں انجنئیر امیرمقام کے علاوہ دیگر صوبائی اور مرکزی قائدین شرکت کرینگے۔