مہمند ایجنسی، سرحدی دیہات بائزئی کوڈاخیل میں پولیٹیکل انتظامیہ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

Free Medical Camp

Free Medical Camp

مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، سرحدی دیہات بائزئی کوڈاخیل میں پولیٹیکل انتظامیہ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد۔ محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹرز نے پانچ سو مرد و خواتین اور بچوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویات دی گئی۔ علاقہ کے عمائدین کا خیر مقدم۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے پاک افغان سرحدی سب ڈویژن بائزئی میں پیر کے روز کوڈاخیل کے علاقے میں مقامی پولیٹیکل انتظامیہ اور ڈائریکٹریٹ ہیلتھ فاٹا کے زیر اہتمام ایک روزہ موبائل فری میڈیکل کیمپ کاانعقاد کیا گیا۔

جس میں محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹروں نے کوڈاخیل اور مضافاتی دیہات کے غریب اور نادار خواتین، مرد، بچوں اور معمر مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔اور تشخیص کے بعد انہیں مفت ادویات دی گئی۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ بائزئی پیر عبداللہ شاہ اور تحصیلدار بائزئی گل سید خان نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کرکے طریقہ کار کا معائنہ کیا۔ اور مریض بچوں میں ڈاکٹرز کی تجویز کردہ ادویات تقسیم کی۔ کیمپ کے انعقاد پر مقامی مشران نے پولیٹیکل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ علاج معالجے سے محروم علاقوں میں اس طرح فری میڈیکل کیپوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اے پی اے بائزئی نے یقین دلایا کہ پولیٹیکل انتظامیہ محکمہ صحت اور ڈائریکٹریٹ ہیلتھ فاٹا کی مدد سے مرحلہ وار بائزئی سب ڈویژن کے ضرورت مندعلاقوں اور علاج کے مختاج لوگوں کے لئے اس طرح کے مزید میڈیکل کیمپس لگائے جائینگے۔