مون سون کی پہلی بارش، کراچی پانی پانی، 220 فیڈر ٹرپ کر گئے، بجلی غائب

Karachi Heavy Rain

Karachi Heavy Rain

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹنڈو اللہ یار اور اس کے گرد و نواح میں بارش نے علاقہ مکینوں کیلئے روزے کا لطف دوبالا کر دیا۔ ٹنڈو غلام علی اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں بھی بعد دوپہر تیز بارش ہوئی۔ حیدر آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی تیز بارش ہوئی۔

دوسری جانب گلستان جوہر، پی ای سی ایچ ایس، کورنگی، ملیر اور ناگن چورنگی سمیت صوبائی دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن کراچی میں موسلادھار بارش کی چند بوندیں گرنے سے 220 فیڈر ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں تاریکی کا راج مستحکم ہو گیا۔

پیپری اور گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی بند ہے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہو جانے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ اندرون سندھ کے دیگر کئی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔