مون سون بارشوں کے باعث ملک میں سیلاب کا خطرہ ہے، ڈی جی میٹ غلام رسول

Floods

Floods

اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈی جی میٹ غلام رسول کا کہنا ہے کہ رواں برس مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی جس کے باعث ملک میں سیلاب کا شدید خطرہ ہے۔

ڈی جی میٹ غلام رسول کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشیں معمول سے کچھ زیادہ ہوں گی جب کہ سندھ اور بلوچستان میں بھی رواں برس زیادہ مون سون بارشوں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ تھر سے ہوتا ہوا سندھ میں داخل ہو کر پورے صوبہ میں پھیل جائے گا، زیادہ بارشوں کی وجہ سے بڑے شہروں میں پانی کھڑا ہونے کے باعث سیلاب کی صورت بن سکتی ہے جب کہ خیبرپختونخوا اور کوہ سلیمان کے علاقے میں بھی فلش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ تمام صوبوں کو مون سون کے پیش نظر خطرات سے آگاہ کر دیا ہے، دریاؤں سے ملحقہ آبادیوں کو بھی وارننگ جاری کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔

دوسری جانب ماہر موسمیات محمد حنیف کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ملک کے بالائی اور جنوبی حصوں اور کشمیرمیں بارش کا امکان ہے جب کہ بلوچستان کے مشرقی اضلاع میں چند روز میں بارش کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون ہوائیں آئندہ 2 سے 3 روز میں ملک میں داخل ہوں گی، منگل کو تھر، ڈیپلو اور مٹھی میں بارش کا امکان ہے جب کہ جمعرات کے روز کراچی میں بھی ابر کرم برسنے کی توقع ہے۔