ماہ صیام میں صارفین کو اشیائے ضروریہ کی بے جا اور بلاجواز مہنگائی سے محفوظ رکھا گیا ہے۔ حیدر علی خاں

Ramzan Bazar

Ramzan Bazar

جھنگ : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے خصوصی اقدامات اور دلچسپی کے تحت ماہ صیام میں صارفین کو اشیائے ضروریہ کی بے جا اور بلاجواز مہنگائی سے محفوظ رکھا گیا ہے اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر رمضان بازار کا انعقاد کرکے ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کویقینی بنایا گیا ہے۔

یہ بات معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب رائے حیدر علی خاں نے سیٹلائٹ ٹائون،جھنگ سٹی، اٹھارہ ہزاری اور دیگر علاقوں میں قائم رمضان بازار کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری احسن رضا،انچارج رمضان بازار/سیکرٹری آر ٹی اے محمد طاہر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔معاون خصوصی نے رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر سبزیوں،پھلوں،دالوں ،پولٹری اور دیگر کچن آئٹمز کے معیارکا جائزہ لیااور کہاکہ صارفین کے لئے اعلیٰ معیار کی اشیاء ہمہ وقت دستیاب ہونی چاہیے۔

انہوں نے رمضان بازاروں کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بازاروں کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھاجائے۔انہوں نے سستی چینی اور سستے آٹے کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو عام آدمی کا مفاد بے حد عزیز ہے یہی وجہ ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینہ میں معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے رمضان پیکج کے تحت سستی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔

رائے حیدر علی خاں کھرل نے کہا کہ رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہذا ڈیوٹی افسران رمضان بازاروں میں عوامی سہولیات برقرار رکھنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔اسسٹنٹ کمشنرنے اس موقع پر بتایا کہ رمضان بازاروں میں ارزاں قیمتوں پر اشیاء کی سپلائی کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے سپیشل کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں۔

Ramzan Bazar

Ramzan Bazar