صبح کی جاگنگ یادداشت کے لیے بھی بہترین ہے، ماہرین صحت

Jogging

Jogging

پہلی مرتبہ سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ صبح کی تیز دوڑ اور جاگنگ نہ صرف حسیات کو تیز کرتی ہے بلکہ اس سے یادداشت بھی بہتر ہوتی ہے جب کہ آپ کو فوری فیصلہ کرنے کی قوت بھی ملتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جاگنگ سے دماغ کا فرنٹل کارٹیکس سرگرم ہوتا ہے جس کے متعلق پہلے انکشاف ہوا تھا کہ موسیقی کا کوئی ساز بجانے سے ہی فرنٹل کارٹیکس عمل انگیز ہوتا ہے لیکن اب جاگنگ بھی اسے جگانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

یونیورسٹی آف ایریزونا کے محققین نے 11 افراد کا جائزہ لیا جن کی عمر 18 سے 25 برس تھی اور ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک سال سے کوئی ورزش اور مشقت نہیں کی ہے۔ اس میں شریک افراد سے سوالنامے بھروائے گئے اور کچھ ان کی جسمانی کیفیت معلوم کرنے کے لیے ریاضی سے بھی مدد لی گئی۔ دوڑ کے بعد تمام شرکا کا ایم آر آئی اسکینر کے ذریعے تجزیہ کیا گیا۔

تجزیے سے معلوم ہوا کہ جاگنگ سے دماغی خلیات کے رابطے مضبوط اور زیادہ ہوگئے لیکن ان علاقوں کے جو سوچنے اور سمجھنے میں بہت مدد دیتے ہیں۔ تاہم جن لوگوں نے ورزش نہیں کی تھی ان کے دماغ میں ایسی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی۔

اس تحقیق کے سربراہ کے مطابق دوڑنا کوئی سادہ مشق نہیں بلکہ اس میں قدم اٹھانا، جسم کو قابو رکھنا، دوڑ کو برقرار اور متوازن رکھنے جیسے اہم کام ہوتے ہیں اور اس سے دماغی سرکٹ پر مثبت اثر پڑتا ہے۔

مختصراً یہ کہا جاسکتا ہے کہ صبح کی جاگنگ دماغ کے اس حصے کو بہتر بناتی ہے جس سے حافظہ وابستہ ہوتا ہے۔