ماسکو میں شدید طوفان سے کم از کم 13 افراد ہلاک

Moscow Storm

Moscow Storm

ماسکو (جیوڈیسک) روس کے دارالحکومت ماسکو میں شدید طوفان بادوباراں سے ہونے والے مختلف حادثات میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

پیر کو شہر کے میئر سرگئی سوبیانن نے بتایا کہ یہ طوفان اس لحاظ سے غیر معمولی تھا کہ یہ دن کے اوقات میں آیا اور اسی وجہ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے۔ انھوں نے لگ بھگ 70 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

یہ تقریباً دو دہائیوں میں کسی ایک ہی دن میں ماسکو میں طوفان سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ 1998ء میں ماسکو میں آنے والے طوفان سے آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ طوفان مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے آیا اور اس سے ماسکو بھر میں بجلی کی لائنوں کو متاثر کیا جس کے باعث تقریباً 7300 افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

میئر سوبیانن کے مطابق طوفان کے دوران 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوں سے ساڑھے تین ہزار سے زائد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔

طوفان سے شہر میں مواصلات کا نظام بھی متاثر ہوا اور متعدد ریل گاڑیوں کی آمدورفت میں تعطل یا منسوخی بھی دیکھنے میں آئی جب کہ ماسکو کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔

حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں درختوں اور دیگر بھاری اشیا کے گرنے سے ہوئیں۔ زخمیوں کو دس مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔