موٹر وے پولیس بے ہوش شخص سے ملنے والی رقم واپس کرکے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

Motorway Police

Motorway Police

اسلام آباد (جیوڈیسک) موٹر وے پولیس نے بے ہوش شخص سے ملنے والی ایک لاکھ 7 ہزار کی رقم مالک کو واپس کرکے فرض شناسی اور ایمانداری کی نئی مثال قائم کردی ہے۔

گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر کسوال کے علاقے میں پیٹرولنگ کے دوران موٹروے پولیس کو ایک شخص بے ہوش ملا جب کہ اس کے پرس میں 1 لاکھ 7 ہزار 2 سو 30 روپے موجود تھے۔ موٹروے پولیس کے افسران نے بیہوش شخص کو فوری طور پر بذریعہ ایمبولینس سول اسپتال میاں چنوں روانہ کیا اور فرض شناسی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے رقم اور دوسرے کوائف اپنے پاس محفوظ رکھے۔

دوسرے دن محمد سرور کو ہوش آیا تو موٹروے پولیس کے کیمپ آفس میاں چنوں آئے اور بتایا کہ وہ بس میں سفر کر رہا تھا کہ ایک شخص نے اسے اخبار پڑھنے کیلئے دی اور اس کے بعد اسے کچھ یاد نہ رہا بعد ازاں موٹروے پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد برآمد ہونیوالی رقم کو مالک کے حوالے کر دی۔

ادھر رقم وصول ہونے پر محمد سرور نے موٹروے پولیس افسران کی فرض شناسی کو سراہا اور ان کی کارکر دگی اور ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔