متحدہ کے اشفاق منگی بھی مصطفی کمال کے قافلے میں شامل

Ashfaq Mangi and Mustafa Kamal

Ashfaq Mangi and Mustafa Kamal

کراچی (جیوڈیسک) پاک سر زمین پارٹی ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ کاٹنے میں کامیاب ہو گئی۔ پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے ایک اہم رکن اشفاق منگی نے مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا۔

اشفاق منگی رابطہ کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں اور پی ایس 127 سے رکن سندھ اسمبلی ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا اشفاق منگی کو خوش آمدید کہتے ہیں اور جھوٹ بولنے والوں کی بہت ساری باتوں کا جواب نہیں دیتے کیونکہ ٹائم نہیں ہے اور نہ ہی کسی سے طاقت چھیننے آئے ہیں۔

پاکستان کو جوڑنے آئے ہیں اگر وکٹوں کا مسئلہ ہے تو ہزاروں وکٹیں گرا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا جو زیادہ آواز میں بات کر رہا ہے وہ زیادہ رابطوں میں ہے سمجھ نہیں آتی کس کا نام لوں اور کس کا نہ لوں۔ پچیس ، تیس سالوں میں دو نسلیں مر گئیں ایک نسل پابند سلاسل ہو گئی اور کسی نے بھائی کو بھائی سے ملانے کی بات نہیں کی۔ متحدہ کے قائد پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا متحدہ قائد وہ سچ بولیں جو اسکاٹ لینڈ یارڈ اور رحمان ملک کو بتایا ہوا ہے۔

متحدہ قائد سے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جو پوچھا بھی نہیں وہ بھی اعتراف کیا ہے۔ دبئی میں ہمارے سامنے رحمان ملک کو متحدہ قائد نے بریف کیا اب جھوٹ نہ بولیں۔ محمد انور،طارق میرنےتمام باتوں کااعتراف کیا ہے۔

مصطفیٰ کمال کی رہائش گاہ آنے پر اشفاق منگی کا پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اندرون سندھ سے متحدہ کی علاقائی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔