ایم کیو ایم قائد پر الزامات، جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست کی سماعت ملتوی

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف الزام پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت شروع کی تو بیرسٹر علی گیلانی کی جانب سے دائر کی کی گئی آئینی پٹیشن پر موقف اختیار کیا گیا کہ مصطفیٰ کمال سمیت ایم کیو ایم کو چھوڑنے والے تین رہنمائوں نے ایم کیو ایم کے قائد پر سنگین الزامات لگائے اور یہ بھی اعتراف کیا ایم کیو ایم کے قائد کے کہنے پر انہوں نے بہت غلط کام بھی کیے۔

ان بیانات سے یہ ثابت ہوتا ہے مصطفیٰ کمال سمیت تین رہنما بھی شریک ملزم ہیں ۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ان الزامات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیاجائے اور جب تک جوڈیشل کمیشن فیصلہ نہیں کرتا اس وقت تک ایم کیو ایم کے موجودہ اور سابق تمام رہنمائوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے درخواست گزار کو مزید دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی۔