ایم کیوایم کے قائد نے پارٹی میں جس کے اندر قائدانہ صلاحیت دیکھی اسے مروادیا گیا، مصطفیٰ کمال

Mustafa Kamal

Mustafa Kamal

کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد خود کو بچانے کے لئے لاشیں چاہتے ہیں اورانہوں نے پارٹی کے اندر جس میں قائدانہ صلاحیت دیکھی اسے مروادیا گیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 ماہ میں 40 سال جتنی پذیرائی ملی اور آج ہماری پارٹی لاکھوں لوگوں کی پارٹی بن چکی ہے، کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ پنجاب اور بیرون ملک میں بھی ہماری پارٹی کا کام ہورہاہے، برطانیہ ،امریکا اور کینیڈا میں پاک سر زمین پارٹی کے دفاتر کام کررہے ہیں۔ حکومت وقت اوراداروں نے ہماری بات کو سننا شروع کردیا ہے، آہستہ آہستہ ہماری باتیں مانی بھی جارہی ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے قائد ساری برائیوں کی جڑ ہیں، وہ کراچی کےمینڈیٹ کو گروی رکھ چکےہیں، ایم کیوایم کے قائد ایسی بات کرتے ہیں جس سےقوم کا نقصان ہو، وہ کیمرے کے آگے تشدد کے طریقے بتاتے ہیں، وہ پارٹی کے کارکنوں کو دہشت گردی کی طرف دھکیل رہے ہیں کیونکہ انہیں لاشیں چاہییں، گزشتہ روز ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہیں،صوبائی حکومت ایم کیو ایم کارکن کے قتل جیسے واقعات روکنےکی کوشش کرے کیونکہ ایک قتل سے 40 مخالفین پیدا ہوں گے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد سمجھتے تھے کہ ہم لاشیں گرانےاور تشدد کی بات کریں گے، انہوں نے ہمارا غلط اندازہ لگایا، اب انھیں سمجھ نہیں آرہا اب وہ کیا کریں، ہم لوگوں کوصحیح راستہ دکھانے آئے ہیں اور مہاجروں کے لیے فاٹا اور بلوچستان جیسے پیکیج کا مطالبہ کرتے ہیں، ہمارے آنے کے بعد کراچی میں 4 ضمنی انتخابات ہوئے ، جن میں ایم کیو ایم کا ٹرن آؤٹ 6 سے 9 فیصد ہوگیا، ایم کیو ایم کے کارکنوں نے 30 سال میں پہلی مرتبہ ہڑتال کی کال پر کان نہیں دھرے، کاش ایم کیوایم کے رہنما دیکھ سکیں کہ پارٹی کے کارکن جیلوں میں کس حال میں ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد نے گزشتہ 30 برسوں میں مستقبل کی قیادت بننے ہی نہیں دی، جس کےاندرلیڈرشپ کی صلاحیت دیکھی اسے مروا دیا جاتا۔

پریس کانفرنس کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے 260 کارکن پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، شمولیت اختیار کرنے والوں نائن زیرو کے 12 کارکن، 13سیکٹرانچارج اور 13 جوائنٹ سیکٹرانچارج شامل ہیں۔ ان لوگوں کو کوئی ہماری جماعت میں نہیں بھیج رہا بلکہ یہ رضاکارانہ طور پر آئے ہیں۔ ایم کیو ایم 260 کارکنوں کی ہماری جماعت میں شمولیت پہلی قسط ہے جلد ہی ایک بہت بڑے میدان میں ہزاروں کارکنوں کو سامنے لائیں گے۔