اور ایم کیو ایم ٹوٹ گئی

MQM

MQM

تحریر : سجاد گل
نسیم حجازی کے ناول ”اور تلوار ٹوٹ گئی” سے لے کر سابقہ عیسائی پادری ریاس پیٹر سے عبداللہ صاحب کی ”اور صلیب ٹوٹ گئی تک”اور ایک اور چیز بھی ٹوٹ چکی ہے اگر پاکستانی قوم کو یاد ہو تو”’اور ہاکی ٹوٹ گئی”ہمیں یاد پڑتا ہے بچپن میں جب نسیم حجازی کا ناول ” اور تلوارٹوٹ گئی ” پڑھ رہے تھے انہی دنوں ہمارے ساتھ ایک سانحہ پیش آیا، ہوا یہ کہ ہم دوست آپس میں مستیاں کر رہے تھے ایک نیک سیرت دوست نے مجھے دہکا دیا گِر کر میرے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی، اگر ہم اس وقت لکھنے لکھانے سے منسلک ہوتے تو ضرور ایک عدد کتاب لکھ دیتے جس کا نام لامحالہ ”اور ہڈی ٹوٹ گئی ” رکھتے ،خیر رات گئی بات گئی۔

نجانے ہم نے اپنی زندگی میں اور کتنی ”اور فلاں ٹوٹ گئی” کی کہانیاں دیکھنی اور سننی ہیں،کئی بار ہم نے سوچا کہ نسیم حجازی اور عبداللہ صاحب کی طرح ہم بھی کوئی ایسی کتاب لکھیں جس میں یہ بات آئے کہ”اور فلاں چیز ٹوٹ گئی”مگر کوئی خاص موضوع نہیں مل سکا،جب پاکستان کے ساتھ ”اور ہاکی ٹوٹ گئی ”والا سین ہوا اس وقت بھی ہمارے ذہین میں آنے سے پہلے ہی کسی دانش ور آدمی کے ذہین میں یہ موضوع آ چکا تھا،بر حال بہت سی چیزیں زندگی میں ٹوٹتی بھی دیکھی ہیں مگر موضوع کچھ فٹ نہیں ہوتا تھا،اگر” اور جوڑی ٹوٹ گئی”پر لکھتا تو کافی مواقع بھی ملے ہیں۔

وینا ملک اور محمد آصف کی”اور جوڑی ٹوٹ گئی”عمران خان اور ریحام خان کی”اور جوڑی ٹوٹ گئی” ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی ”اور جوڑی ٹوٹ گئی” قادری صاحب اور عمران خان کی”اور جوڑی ٹوٹ گئی”اسی طرح ہمارے گائوں میں چاچا نورا اور چاچی رحمت جان کی بھی”اور جوڑی ٹوٹ گئی۔ٹوٹتا تو اور بھی بہت کچھ رہا ہے،شہاز شریف پی پی کے دورِ اقتدارمیں فرمایا کرتے تھے کہ ہم حکومت میں آنے کے بعد چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کر دیں تو میرا نام تبدیل کر دینا،ن لیگ کی حکومت کے تین سال ہو گے ہیں مگر یہ دعویٰ تاحال پورا نہیں ہو سکا،اور پھر ”اور آس ٹوٹ گئی”لیکن حالیہ دنوں میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے کہ اس نے سب”اورٹوٹ گئی” کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،جی جی جناب بتاتے ہیں صبر کریں۔ہاں جی آخر کار ”اور MQMٹوٹ گئی” جی جی۔ اگر کسی کوکوئی شک ہو توفاروق ستار سے پوچھ سکتا ہے۔

Pakistan

Pakistan

جناب ایک ایسا شخص جو ہندوستان میں بیٹھ کر یہ کہتا ہے کہ پاکستان کا وجود میں آنا دنیا کی سب سے بڑی غلطی تھا،یہی شخص لندن میں بیٹھ کر کبھی کہتا ہے انڈیا آجائو اور پاکستان میں مظلوم مہاجروں کی مدد کرو، اور اب تو جناب نے حد ہی کر دی ،پاکستان مردہ باد کے نعرے لگوا دئیے،یہ منحوس شخص کہتا ہے پاکستان ایک ناسور ہے ،پاکستان دنیا کے لئے ایک نحوست ہے،اور پاکستان دہشتگردی کا مرکز ہے،پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کر دو، پاکستان کو توڑ دو۔بڑے کہتے ہیں منہ اچھا نہ ہو تو بات اچھی کر لینی چاہئے ،کسی اور پر یہ طنز بیٹھے نہ بیٹھے الطاف حسین پر ضرور بیٹھتی ہے،جس نام نہاد لیڈر کا عمل یہ ہو اسکی پارٹی نے آخر ٹوٹنا ہی تھا”اورایم کیوایم ٹوٹ گئی”۔۔۔، وجہ یہ ہے کہ ایم کیوایم میں جو لوگ شامل ہیں وہ نہ ہی جاگیر دار ہیں، نہ ہی دیگر جماعتوں کی طرح نسل در نسل والے سیاست دان،بلکہ یہ کہا جائے کہ ایم کیوایم پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے تو غلط نہیں ہو گا۔

ایم کیو ایم کو تو ڈاکٹروں کی جماعت بھی کہا جاتا ہے،مانا کہ بہت سارے لوگ الطاف حسین کے ہاتھوں میں غلط استعمال ہوئے مگر ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ یہ وہی لوگ ہیں جن کے آبائو اجداد نے پاکستان کے لئے اپنا گھر بار چھوڑکرمال و املاک ترک کیا،اپنے پیارے خون و لہو میں لت پت دیکھے، ان سب قربانیوں کا حاصل تھا پاکستان، اگر اس پوری قوم کو ہی غدار کہہ دیا جائے تو یہ بہت بڑی زیادتی کی بات ہو گی۔

Altaf Hussain

Altaf Hussain

اگر یہ قربانیوں کے دلدادہ لوگ الطاف حسین جیسے لوگوں کے ہاتھ نہ چڑھتے تو آج ان کی صورت حال یکسر مختلف ہوتی،بر حال اب حالات وہ نہیں کہ الطاف حسین کے منہ سے نکلاکراچی بند ،،تو کراچی بند،اب الطاف حسین بے حثیت ہو چکے، پوری پاکستانی قوم الطاف حسین کے پاکستان مخالف نعروں کے بعدمہاجر قوم کی طرف دیکھ رہی تھی کہ پاکستان کے لئے سب سے زیادہ قربایناں دینے والے لوگ اب کیا کریں گے،پھر وہی ہوا جو اس قوم کو کرنا چاہئے تھا،فاروق ستار سمیت تمام ارکانِ متحدہ نے الطاف حسین سے برات کا اعلان کر دیا۔

عامر لیاقت جن سے ہزار اختلاف سہی مگر انکے محبِ وطن ہونے میں کوئی شک نہیں نے بھی ایم کیو ایم کو خیر آباد کہہ دیا،اور آہستہ آہستہ ایم کیو ایم کے ارکان ایم کیوایم سے الگ ہو کر مصطفیٰ کمال کی پاک سر زمین پارٹی کا رخ کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ کل پاک سر زمین پارٹی ہی ایم کیو ایم ہو گی مگر اسکا نام ایم کیو ایم نہیں بلکہ پاک سر زمین پارٹی ہو گا ،اور ان کی بوری بند لاش سیاست، بدمعاشی اور قتل وغارت والی سیاست کا بھی اللہ کے فضل سے سین Endہو جائے گا،امید ہے کہ متحدہ کے دفاتر کے پے در پے زمین بوس ہونے کے بعد اور کراچی آپریشن کے بعد ایم کیوایم کے سیاست دانوں نے عقل ناخن لے لئے ہوں گے،اب مہاجروں کی جماعت جس کا نام کوئی بھی ہو وہ نارمل سیاست کرے گی، کیوں کہ ”اور ایم کیوایم ٹوٹ گئی۔

Sajjad Gul

Sajjad Gul

تحریر : سجاد گل