ایم کیو ایم کے سینئر رہنما شعیب بخاری انتقال کر گئے

Shoaib Bukhari

Shoaib Bukhari

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما شعیب بخاری منگل کی دوپہر کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور اسی سبب سیاست سے دور رہے۔ انتقال کے وقت بھی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

پارٹی ترجمان اور اہل خانہ نے بتایا کہ جمعے کو ان کی طبیعت اس حد تک بگڑ گئی تھی کہ انہیں فوری طور پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ لیکن تمام کوششوں کے باوجود ان کی زندگی نے وفا نہیں کی۔

انہیں منگل کی رات بعد نماز عشا سپرد خاک کیا جانا تھا۔ تاہم، اب ان کی تدفین بدھ کو ہوگی۔ شعیب بخاری سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رہے جبکہ وہ وزیر محنت اور وزیر ترقی و منصوبہ بندی بھی رہ چکے تھے۔

وہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائز کے وزیر کی حیثیت سے خدمات دے چکے تھے۔ وہ پچھلے تقریباً چار سال سے بیمار چلے آرہے تھے۔

ان کے انتقال کی خبر پر متعدد رہنماؤں، عزیز و اقارب اور دوستوں نے ان کے بھائی فضیل بخاری سے اظہار تعزیت کیا۔ ان میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر عامر خان نے شعیب بخاری کی خدمات، اخلاق اور پارٹی سے وفاداری کی تعریف کی۔ ساتھ ہی، انہوں نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔