ملتان: وہاڑی چوک میں دھماکا، 10 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

Multan Blast

Multan Blast

ملتان (جیوڈیسک) وہاڑی چوک کے قریب رکشا میں ایک دم دھماکا ہو گیا جس سے 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، بم ڈسپوزل حکام کا عملہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے۔ امدادی ٹیموں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشوں جبکہ زخمی افراد کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔

دھماکے کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ نشتر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کی شدت کے پیش نظر متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب بم ڈسپوزل حکام کا عملہ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص رکشے میں سوار ہوا جس کے بعد دھماکا ہو گیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شہادتیں جمع کرنا شروع کر دی ہیں۔ سی پی او ملتان کے مطابق دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ڈی سی او ملتان نذر سلیم گوندل کا کہنا ہے کہ رکشے میں ہونے والا دھماکا گیس سلنڈر کا نہیں بلکہ بم کا تھا۔