میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم کا بلدیاتی افسران کے ہمراہ امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ

کراچی : میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ یکم محرم سے قبل امام بارگاہوں ،مجالس گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی انتظامات کو مکمل کیا جائے صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات امام بارگاہوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے ان خیالات کا اظہار میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کورنگی زون میں امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کرکے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے امام بارگاہوں کے منتظمین اور عشرہ محرم الحرام کے دوران کورنگی زون میں برآمد ہونے والے عزاداری جلوس کے پرمٹ ہولڈرز سے ملاقات کی اور اُن سے جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے قبل از وقت انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت اور اُن کی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے انجام دیا جارہا ہے میونسپل کمشنر عمران اسلم نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کی جانب سے امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس سمیت علاقائی سطح پر شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جسے جلد مکمل کرلیا جائیگا میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے محکمہ الیکٹریکل بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف جلوسوں کے روٹس اور علاقائی سطح پر روشنی کے انتظامات کی بہتری کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی و مرمت کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنا ئی جائے ۔بعد ازاں میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے منتظمین کے ہمراہ کورنگی زون میں عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس کا بھی معائنہ کیا اور اس موقع پر منتظمین کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو احکامت صادر کئے۔

Korangi Karachi News

Korangi Karachi News