بلدیاتی الیکشن میں خواتین کو حصہ لینے کا موقع دیا جائے، خدیجہ فاروقی

Election

Election

گجرات (جی پی آئی) مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کا اجلاس خدیجہ عمر فاروقی صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب مسلم لیگ ہائوس میں منعقد ہوا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خدیجہ فاروقی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں خواتین کو براہ راست انتخابات میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے انہوںنے کہا کہ موجودہ بلدیاتی آرڈینینس سے خواتین کا استحصال ہوگا اور اس سے پیسے کی سیاست پروان چڑھے گی ،یونین کونسل کی سطح پر چیئرمین، وائس چیئرمین اور منتخب کونسلر ز کے ذریعے منتخب ہونے والی خواتین کونسلر اپنے حلقہ کی نمائندہ نہیں ہوسکیں گی بلکہ وہ الیکشن میں انہیں کامیاب کروانے والے اراکین کی مرہون منت ہونگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں شعبہ خواتین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں جنرل سیکرٹری ماجدہ زیدی، کنول نسیم، جوائینٹ سیکرٹی تبسم ناز ،سمیعہ طار ق اور دیگرخواتین عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سیدہ ماجدہ زیدی نے کہا کہ 2002کے بلدیاتی الیکشن میں خواتین نے پہلی بار سیاست میں بھر پور حصہ لیا، پورے ملک میں 40ہزار خواتین انتخابات میں کامیاب ہوئیں اور اس کے بعد خواتین کی اکثریت قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ میں منتخب ہوئیں۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ بلدیاتی آرڈینینس دولت کی سیاست کو پروان چڑھانے کا سبب بنے گاجب یونین کونسل کی سطح پر کامیاب ہونے والے مرد خواتین کو منتخب کریں گے اس اقدام سے خواتین کی سیاست کو نہ صرف نقصان ہوگا بلکہ ان کی خوداعتمادی ختم ہوجائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات کنول نسیم نے کہا کہ تین وارڈز کے نمائندے اپنی سیاسی وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کو منتخب کرینگے اس اقدام سے عوام کی خدمت ممکن نہیں ہوگی کیونکہ بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔