بلدیاتی انتخابات: پنجاب اور سندھ کی باقی رہ جانے والی نشستوں پر پولنگ شروع

Municipal Election

Municipal Election

پنجاب/ سندھ (جیوڈیسک) بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب اور سندھ میں باقی رہ جانے والی 200 سے زائد نشستوں پر پولنگ شروع ہو گئی۔

پنجاب میں خانیوال، لودھراں، گجرات، سرگودھا، اوکاڑہ، ملتان اور میانوالی کی بعض یونین کونسلز میں الیکشن ہوں گے۔ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی، سیالکوٹ، بہاولپور کی ایک ایک یو سی میں چیئرمین کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کئے جائیں گے۔

جبکہ سندھ میں میونسپل کمیٹی نوابشاہ، ٹنڈو جام، ٹنڈو الہ یار کے تمام وارڈز میں پولنگ ہو گی۔ کراچی شرقی، حیدر آباد، بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، تھر پارکر، ٹنڈو الہ یار اور میر پور خاص کے بعض حلقوں میں یونین کمیٹی کے انتخابات ہوں گے۔ سندھ کی متعدد ٹاؤن کمیٹیز میں بھی پولنگ ہو گی۔ پولنگ صبح سات بجے سے لے کر 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔

دوسری طرف فیصل آباد میں بھی ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ، یونین کونسل 153 میں چیئر مین اور وائس چیئر مین جبکہ یونین کونسل 88 کے وارڈ نمبر 6 میں کونسلر کی سیٹ پر الیکشن کرایا جا رہا ہے۔

فیصل آباد کارپوریشن کی یونین کونسل 153 چیئر مین کے امیدوار میاں ارشد اور یونین کونسل 88 کے وارڈ نمبر 6 میں ایک کونسلر سیٹ کے امیدوار کی وفات پر الیکشن ملتوی ہو گئے تھے اور آج ان دو یونین کونسل میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کرائے جا رہے ہیں۔

یونین کونسل 153 میں چیئر مین اور وائس چیئر مین منتخب ہونگے جبکہ یونین کونسل 88 کے وارڈ نمبر 6 میں کونسلر کو منتخب کیا جائے گا، پولنگ اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوئی ، یونین کونسل 153 میں رجسٹرد ووٹرز کی تعداد 8195 ہے انتخاب میں ن لیگ کے دو امیدوار میدان میں ہیں۔