موسیٰ کالونی میں شراب خانہ کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا

Protest

Protest

کراچی (پ ر) جماعت اسلامی کے تحت فیڈرل بی ایریا طیب آباد میں قائم شراب خانے کے خلاف دربار سلطانی سے ریلی نکالی گئی، جس میں اہلیان علاقہ نے بھرپور شرکت کی، ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

جن میں ”مسلم آبادی میں شراب خانے بند کرو” کے نعرے درج تھے، ریلی کے شرکاء نے موسیٰ کالونی پر احتجاجی دھرنا دیا، اس موقع پر سابق ٹائون ناظم گلبرگ و یوسی 28 گلبرگ سے چیئرمین کے امیدوار فاروق نعمت اللہ، امیر زون گلبرگ سعید عامر موسیٰ، سجاد حیدر دارا، کامران سراج اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ مسلمانوں میں شراب فروغ دینے والے رب کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔ ہم اپنی نوجوان نسل کو بچانے کے لئے اس لعنت کے خلاف نکلے ہیں۔

مسلم معاشرے میں اس طرح شراب کی کھلے عام فروخت اور شراب خانے پورے معاشرے کو تباہ کر دیں گے جس کی کسی طور اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم نے پہلے بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی، جس کی پاداش میں ہمارے رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے۔

ہم ان جھوٹے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں، شراب جیسی لعنت کو مسلم علاقوں میں برداشت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر ایس ایچ او، تھانہ گلبرگ، ذاکر اللہ نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں سے مذاکرات کئے اور شراب خانہ کو سیل کر دیا گیا اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ یہ شراب خانہ دوبارہ نہیں کھلے گا۔ جس کے بعد جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے دعا کرائی اور مظاہرین پرامن طور پر وہاں سے روانہ ہو گئے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320