میں بھی مسلمان ہوں، امریکیوں کے ٹرمپ کیخلاف احتجاج میں نعرے

America Protest

America Protest

واشنگٹن (جیوڈیسک) نیویارک میں امریکیوں نے احتجاج کے دوران میں بھی مسلمان ہوں کے نعرے لگا دئیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کی ریاستوں لاس اینجلس، کیلی فورنیا، ڈیلاس اور ٹیکساس کے کئی شہروں میں ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کیخلاف مظاہرے ہوئے، ایک بڑا اجتماع نیویارک شہر کے مشہور ٹائم سکوائر پر ہوا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور ’’آئی ایم آ مسلم ٹو‘‘ یعنی ’’میں بھی ایک مسلمان ہوں‘‘ کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر بعض افراد نے امریکی پرچم اٹھا رکھے تھے ، جب کہ کچھ نے پلے کارڈز پکڑ رکھے تھے ، جن پر نو مسلم بین یعنی مسلمانوں پر پابندی نہیں’’ درج تھا۔ سپین کے شہر بارسلونا میں بھی ہزاروں افراد نے تارکین وطن کے حق میں مظاہرہ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن پابندیوں کے نظرثانی شدہ احکامات کا مسودہ سامنے آگیا ہے، جس میں معطل حکم نامے میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

نئے حکم نامے کے مطابق پابندیوں کے ہدف ممالک کے ایسے افراد جنہوں نے امریکی ویزا حاصل کر رکھا ہے اور وہ اب تک استعمال نہیں کیا ہے ، امریکہ آ سکیں گے۔

ٹرمپ انتظامیہ میں ایک ماہ قبل تعینات ہونیوالے نیشنل سکیورٹی کونسل کے مغربی خطے سے متعلق ڈویژن کے سربراہ کریگ ڈیئارکو نجی گفتگو کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور ان کے قریبی مشیروں پر تنقید کرنے کی بنا پر برطرف کر دیا گیا ہے۔