دو مسلم ممالک میں تناؤ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ دو مسلم ممالک کے تنازعے سے خطرے کی بو آرہی ہے جب کہ معاملے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر ایوان میں بات کی جائے۔

قومی اسمبلی میں کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں اپوزیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایران اور سعودی عرب کا معاملہ انتہائی تشیوشناک ہے لہٰذا اس معاملے پر ایوان کو آگاہ کیا جائے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دومسلم ممالک کےتنازع سے خطےمیں اہم تبدیلیاں نظرآرہی ہیں جب کہ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اوراس سے خطرے کی بو آرہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ایک ملک جوہری طاقت ہے تو دوسرے کا اسلامی تشخص ہے لہٰذا معاملے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے مشیر خارجہ سیاست ایک طرف رکھ کر ایوان کو بریفنگ دیں۔

واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے ایران مذہبی لیڈر کو سزائے موت دینے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے جس کے بعد دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات ختم کر دیے ہیں۔