مصطفیٰ کمال نے کراچی میں کھدائی سے کمائی کی، پیسہ ملائیشیا بھجوایا: گورنر سندھ

Ishrat Ibad

Ishrat Ibad

کراچی (جیوڈیسک) پہلے مخالفین بولتے تھے، عشرت العباد خاموش رہتے تھے، لیکن اب وہ ایسا بولے ہیں کہ شاید بہت سوں کو چپ لگ جائے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عشرت العباد نے الزامات کا جواب دیا اور اہم ترین مقدمات کھولنے کا اعلان بھی کر دیا۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے مصطفیٰ کمال پر کراچی میں کھدائی سے کمائی کرنے اور پیسہ ملائیشیا بھجوانے کا الزام بھی لگایا اور انہیں گھٹیا اور کم ظرف قرار دے کر چپ کا روزہ توڑ دیا، علاج کرانے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔

عشرت العباد نے سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داروں کو بیچ چوراہے لٹکانے کا عزم دکھایا۔ حکیم سعید کیس ری اوپن کرنے کا مژدہ بھی سنایا۔ گورنر سندھ کے مطابق، اب بشیر جان پر حملے کا کیس بھی کھلے گا۔ عظیم طارق کے قتل کا معاملہ بھی پھر سے اٹھے گا۔

عشرت العباد کا کہنا تھا کہ قاتل کوئی بھی ہوں اور تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، ایسی سزا دیں گے کہ نشان عبرت بنا دیں گے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اور بھی کئی تہلکہ خیز انکشافات کر دئیے اور راز کی باتیں بتا دیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن زیرو کے قریب مکان سے ملنے والا اسلحہ فوج یا رینجرز سے لڑنے کیلئے خریدا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کی تنظیمی کمیٹی کے ذمہ داروں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ انہوں نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن متاثرین کے معاوضے سے اسلحہ خریداری کا انکشاف بھی کیا۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے مزید بتایا کہ بہت سے لوگوں کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ ان کہنا تھا کہ خریداروں اور خریداری میں مدد کرنے والوں سمیت ملوث تمام افراد کو مثالی سزا دیں گے۔ گورنر سندھ نے شہر کا امن برباد کرنے والوں کو بھی وارننگ دی اور کہا کہ سیاسی دکانیں چمکانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

دریں اثناء گورنر سندھ دنیا نیوز کے مہمان بنے اور پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں آئے۔ انہوں نے اپنے نظریات کھل کر بتائے، بولے کسی سے لڑائی نہیں، غلط باتوں پر وضاحت ضروری تھی، کوئی ہرزہ سرائی کرے تو اینٹ کا جواب پتھر سے بنتا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان یا کسی اور پارٹی کی سرپرستی سے متعلق سوال آیا تو گورنر سندھ نے دو ٹوک جواب دیا، بولے پاگل نہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان کی سرپرستی کروں۔ عشرت العباد کا مزید کہنا تھا کہ سٹیبلشمنٹ کا حصہ ہونے کی وجہ سے بہت کچھ جانتے ہیں لیکن بولیں گے کچھ نہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم قائد کو محسن بھی قرار دے دیا، کہتے ہیں اپنے محسن کے خلاف کچھ نہیں بولوں گا، ایم کیو ایم پاکستان کی جنتی پٹائی ہو گئی اب اس میں کرمنل نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دوسری پارٹی نے آفر کی تھی کہ آ جائیں سیٹنگ ہو گئی ہے، حالانکہ کوئی سیٹنگ نہیں ہوئی۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ان کا کام کرمنلز کو پکڑنا ہے، چاہے کہیں بھی ہوں یا کسی بھی پارٹی سے ہوں، نہیں چھوڑٰیں گے۔