مستونگ میں باپ اور بیٹا سمیت تین سکیورٹی اہلکار ہلاک

Balochistan Police

Balochistan Police

مستونگ (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں تین سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو کہ باپ بیٹا تھے۔ انھیں پیر کی شب نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ شہر میں نشانہ بنایا۔

مستونگ پولیس کے ایک اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سب انسپکٹر عبد اللہ اور ان کابیٹا کانسٹیبل گل حسن ڈیوٹی کے بعد تھانے سے گھر کے لیے نکلے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں ہلاک ہوگئے۔

مستونگ ہی کے نواحی علاقے کنڈاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کے ایک اہلکار کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

مستونگ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ لیویز فورس کے اہلکار کو اس علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔

تینوں سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ تاہم انتظامیہ کے ذرائع نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے ان کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات قرار دیا۔

مستونگ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے متصل ہے جہاں پہلے بھی سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتارہا ہے۔