مظفر گڑھ : سی ٹی ڈی کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

CTD Soldiers

CTD Soldiers

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) امن دشمنوں کو نشان عبرت بنانے کا سلسلہ جاری، مظفر گڑھ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، ملتان، اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ ، مختلف شہروں میں کارروائیاں تیز ، سی ٹی ڈی نے مظفرگڑھ کے علاقے پتی سلطان محمود میں کارروائی کی جس کے دوران چھ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا ، تین فرار ہوگئے ، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوا ، ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری طرف ملک کے مختلف شہروں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن رات بھر جاری رہا ۔ کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ۔ لاہور میں رینجرز نے کومبنگ آپریشن کے دوران نشتر کالونی سے چودہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔

سیکورٹی اداروں نے گوجرانوالہ ، اوکاڑہ ، چنیوٹ ، ملتان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سرچ آپریشن کئے جس میں سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔