نیب اور ایف آئی اے قرضے معاف کرانے والے تمام افراد سے تحقیقات کریگی

NAB

NAB

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے ماضی میں قرضہ معاف کرانے والے تمام افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

سٹیٹ بنک سے حاصل کی گئی ان افراد کی لسٹ کی تحقیق نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے کی جائے گی کہ کن حالات میں قرضے معاف کرائے گئے اسی طرح ماضی میں اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے بڑے پیمانے پر رقم بنانے والے اعلیٰ ریٹائرڈ بیورو کریٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ایسے ریٹائرڈ بیورو کریٹس کی لسٹ بھی تفتیشی ایجنسیوں کو جلد دی جائے گی۔

ایک نامور رکن پارلیمنٹ نے کہا حکومت اپوزیشن کے کچھ ارکان پارلیمنٹ اور خاص طور پر تحریک انصاف کے رہنما جنہوں نے قرضے معاف کرائے کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے حکومت ان سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے جو وزیراعظم کے خاندان کے خلاف آف شور کمپنیوں کے حوالے سے آواز بلند کرتے ہیں اور 1990ءکی طرح پھر انتقامی سیاست شروع ہو جائے گی۔