نریندر مودی کے غیر ملکی دوروں پر 567 کروڑ روپے خرچ

Narendra Modi

Narendra Modi

بھارت (جیوڈیسک) وزیر اعظم نریندر مودی اور اس کے وزرا نے غیر ملکی دوروں پر ایک سال میں 5 ارب 67 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔

بھارتی اخبار کے مطابق مالی سال 2015-16 کے دوران بھارتی وزیر اعظم اور اس کی کابینہ نے غیرملکی دوروں پر 567 کروڑ روپے خرچ کیے جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 80 فی صد زیادہ ہیں۔

اخبار نے بجٹ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اس کے علاوہ 500 کروڑ سے زائد کے اخراجات شاہی بیوروکریسی کے ہیں جو انہوں نے اوسطا ہر سال اپنے غیر ملکی سفر پر خرچ کیے۔

رواں مالی سال کے شروع میں بجٹ میں وزیر اعظم اور اس کی کابینہ کے غیر ملکی دوروں کے لئے 269 کروڑ روپے کے اخراجات کاتخمینہ لگایا گیا جوبڑھ کر 567 کروڑ روپے پر چلے گئے۔

اس کے علاوہ بھارتی بیوروکریٹس نے گزشتہ تین برس میں غیر ملکی دوروں پر 15ارب روپے خرچ کر ڈالے۔ مودی کابینہ 64 وزرا پر مشتمل ہے جب کہ وزیراعظم کی معاونت کےلئے کابینہ سیکرٹریٹ میں ملازمین کی تعداد 1201 ہے۔