قوم دہشت گردی وانتہاپسندی کے خاتمے کے لئے یکسو ہے، شہبازشریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے یکسو ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے منتخب ارکان اورمقامی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، اس موقع پر ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی شاندا رقربانیوں کی مثال عصر حاضر کی تاریخ میں نہیں ملتی،پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت اوربہادری کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے، قوم کا ہرفرد دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خاتمے کے لئے یکسو ہے، قوم کے اتحاد کی طاقت سے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔