نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز اور سمت درست کی جائے: فاروق ستار

Dr Farooq Sattar

Dr Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں خود کش بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیکورٹی فورسز، مساجد، امام بارگاہوں اور پبلک مقامات پر دھماکے کرنے اور دہشت گردی میں ملوث سفاک دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کیا جائے ۔

اس کی سمت درست کر کے ساری توانائی دہشت گردوں کے خاتمے پر صرف کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کرنیوالوں نے دین اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے اور اس کی آڑ میں معصوم لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم نوازشریف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا ہے کہ مردان میں خود کش بم دھماکہ میں ملوث ملک دشمن دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔ –