قومی ایکشن پلان کے تحت کسی جماعت کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعت پرویز رشید کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت کسی جماعت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے جب کہ نیشنل ایکشن پلان حکومت نے نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر بنایا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت کسی جماعت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی جب کہ نیشنل ایکشن پلان حکومت نےنہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر بنایا اور وزیراعلی ٰسندھ بھی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں موجود تھے۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں اب الزام تراشی کی سیاست سے اپنے آپ کو علیحدہ کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان میں ایک قانونی نظام موجود ہے لہٰذا اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہو یا شکایات ہو توگریبان میں ہاتھ ڈالنے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان یاسیاسی جماعت سے تعلق کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کوجرم کرنے کا لائسنس مل گیا ہو کیونکہ حکومت کے پاس بھی جرم کرنے کا لائسنس نہیں ہوتا اس لیے جرم اور سیاست کو علیحدہ کرکے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک سے ہڑتالوں کی سیاست کو ختم کیاجائے گا کیونکہ اب پاکستان ہڑتالوں کے ذریعے سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، زبردستی کسی کومجبورکرکے دکانیں بند کرانا کسی کا حق نہیں جب کہ دھمکی اور دھونس سے معاملات نہیں چلائے جا سکتے۔