قومی اسمبلی کا اجلاس: آج پی ٹی آئی ارکان کی قسمت کا فیصلہ ہو گا

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کااجلاس ایک ماہ 3روز کے وقفے کے بعد آج (پیرکو) اسپیکر کی زیرصدارت ہوگا، قومی اسمبلی آج تحریک انصاف کے ارکان کی قسمت کا فیصلہ کرے گی، پیپلزپارٹی کی جانب سے غیرحاضری پر پی ٹی آئی ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی تحریک کی مخالفت کیے جانے کاامکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کاہنگامہ خیز 24واں اجلاس آج شام 4بجے اسپیکرسردار ایازصادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں اہم قومی امورپر بحث کے علاوہ اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات کا بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کاامکان ہے۔

قبل ازیں اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی سہہ پہر 3بجے اسپیکر کی زیرصدارت ہوگا جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوںگے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام کے مطابق اجلاس 2ہفتے جاری رہنے کاامکان ہے۔ اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے ایم کیو ایم اور جمعیت علمائے اسلام کی پیش کردہ تحاریک پررائے شماری کرائے جانے کاامکان ہے۔ مذکورہ تحاریک میں موقف اختیار کیا گیا تھاکہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 28ایم این ایزبغیر کسی اطلاع کے مسلسل 40روز سے زائدقومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر رہے لہٰذاآئین کے آرٹیکل64 کی شق نمبر2 کے تحت ان کی رکنیت منسوخ کی جائے۔