نیشنل بنک پریذیڈنٹ کپ فٹ بال : کے ای کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست

NBP President Cup Football Tournament

NBP President Cup Football Tournament

کراچی (سپورٹس ورلڈ نیوز) کے آر ایل اسلام آباد نے آل پاکستان این بی پی فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔نیشنل بنک آف پاکستان کے زیر اہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کے پی ٹی پر جاری “پہلے آل پاکستان نیشنل بنک پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ “میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل معرکہ میں کے آر ایل اسلام آباد کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کی فیوریٹ اور مضبوط حریف کے ای کراچی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

دوران کھیل کے الیکٹرک کے محمد رسول نے 19ویں منٹ میں گول اسکور کیا جبکہ فاتح ٹیم کے مرتضیٰ حسین نے 30ویں منٹ پر گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا کھیل کے 44ویں منٹ کے آر ایل کے محمد عمران نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو 2-1سے برتری دلا دی جو زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 48ویں منٹ میں کے الیکٹرک کے محمد ریاض نے گول اسکور کرکے مقابلہ پھر برابر کردیا اس کے بعد 75ویں منٹ میں کے ای کے محمد ریاض نے مزید ایک گول کرکے کے الیکٹرک کو برتری دلا دی لیکن 89ویں منٹ میں کے آر ایل کے یاسر آفریدی نے گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا مقررہ وقت کے اختتام پر مقابلہ بر ابر ہونے پر 10-10منٹ کے 2ہاف مزید دیئے گئے جس میں دونوں ٹیموں نے انتہائی جارہا نہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے الیکٹرک کے کلیم اللہ اور کے آر ایل کے یاسر آفریدی کو ریڈ کارڈ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔تاہم میچ کے اختتامی منٹ میں کے آر ایل کے مرتضیٰ حسین نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی اور کے آر ایل اسلام آباد کو فائنل تک پہنچا دیا۔

میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈی آئی جی ایس آر پی طاہر احمد نورانی سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر سنیئر ایگزیگٹیو کے الیکٹر ک ذہرہ مہدی ،کے پی ٹی کے کرنل (ر) بصیر عالم ،ٹورنامنٹ کوارڈینٹر قمر علی قریشی ،انور فاروقی ،حاجی غلام محمد خان ،عظمت اللہ خان اور دیگر موجود تھے ڈی آئی جی طاہر نورانی نے کہا کہ نیشنل بنک جس انداز میں ملک میں کھیلوں کو فروغ کے لئے کردار ادا کررہا ہے میں اپنی اور محکمہ پولیس کی جانب سے نیشنل بنک شعبہ اسپورٹس کے سربراہ اویس اسد خان اور بنک انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے مزید کہاکہ یہ ٹورنامنٹ جو آل پاکستان سطح کا بڑا فٹ بال ایونٹ اس میں نامور ادارے نوجوان کھلاڑی شرکت کررہے ہیں مجھے قوی اُمید ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے نئے ٹیلنٹ سامنے آئیں گے۔