قومی سلامتی یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، سول وعسکری قیادت کا عزم

Nawaz Sharif Meeting

Nawaz Sharif Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے خطے میں سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اسلحے کی دوڑ میں شامل ہونے سے گریز کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لئے کم از کم جوہری صلاحیت برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق ، اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مظہرجمیل نے سول اورعسکری قیادت کو جوہری اثاثوں اور میزائل ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی۔