قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان 2 روز میں کردیا جائے گا، چیرمین پی سی بی

Shahryar Khan

Shahryar Khan

لاہور (جیوڈیسک) چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان 2 روز میں کردیا جائے گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہماری شکست کی بڑی وجہ فٹنس مسائل تھے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ ایک بڑا کھلاڑی اپنی غلطی تسلیم کرلے تو اسے معاف کردینا چاہیے، یونس خان نے اپنی غلطی پر معافی مانگی اس لئے انھیں معاف کردیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے تمام امیدواروں کے نام بورڈ میٹنگ کے سامنے رکھے جائیں گے جب کہ ہیڈ کوچ کا اعلان 2 روز میں کردیا جائے گا۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ اور فٹنس تمام کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شکست کی بڑی وجہ فٹنس مسائل ہی تھے اس لئے ایبٹ آباد میں فٹنس بہتر بنانے کے لیے کیمپ لگا رہے ہیں، اس کے علاوہ 16 ریجنزمیں اسکولوں کی سطح پرٹورنامنٹ بھی کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر، سلمان بٹ، محمدآصف کے لندن ویزے میں رکاوٹیں ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی تجویز مان لی ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں 6 ٹیمیں ہو جائیں تو کوئی ہرج نہیں۔