قومی ٹیم آج کولمبو کے لیے اڑان بھرے گی

Cricket Team

Cricket Team

لاہور (جیوڈیسک) سری لنکن ٹائیگرز کا گھر میں شکار کرنے کا عزم لیے پاکستانی اسکواڈ پیر اور منگل کی درمیانی شب کولمبو روانہ ہو گا۔

گرین کیپس غیر رسمی تربیتی کیمپ کے بعد پریکٹس کی کمی 11جون کو شروع ہونے والے وارم اپ میچ میں پوری کرنے کی کوشش کرینگے، دونوں ممالک میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17جون کو گال میں شروع ہوگا، مصباح الحق کی قیادت میں مہمان ٹیم آئی لینڈز میں کھیلے گئے 10میچز میں 2 بار ہی سرخرو ہوئی،اس بار ریکارڈ بہتر کرنے کے لیے تینوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کی میزبانی کرنے کے بعد گرین شرٹس کو سری لنکا کی صورت میں مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہے، دس سالہ ناکامیوں کی تاریخ کا رخ بدلنے کے لیے گرین شرٹس مصباح الحق کی قیادت میں آج سری لنکا روانہ ہوگی۔

کولمبو جانے والی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے دوسرے پلیئرز میں اظہر علی (نائب کپتان )، محمد حفیظ ، احمد شہزاد، شان مسعود، یونس خان، اسد شفیق، حارث سہیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، وہاب ریاض، جنید خان، عمران خان اور احسان عادل شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اپنے دورے کا آغاز 11جون کو کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے وارم اپ میچ سے کرے گا، 3 ٹیسٹ میچز کی سیریزکا پہلا میچ 17جون کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے صبح گال اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، دوسرے میچ میں دونوں ٹیمیں 25 جون کو کولمبو میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی جبکہ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 7 جولائی کو پالے کیلی میں شیڈول ہے۔