نواز مجید کشمیری صدر کشمیر پریس کلب لندن و ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ کشمیر ایکسپریس واپس برطانیہ پہنچ گئے

 Nawaz Majeed Kashmiri

Nawaz Majeed Kashmiri

لندن (نمائندہ خصوصی) نواز مجید کشمیری صدر کشمیر پریس کلب لندن و ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ کشمیر ایکسپریس واپس برطانیہ پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کشمیری نژاد برطانوی سینئر صحافی نواز مجید کشمیری صدر کشمیر پریس کلب لندن و ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ کشمیر ایکسپریس جو تین ہفتوں کے لئے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے دورہ پر گئے تھے گذشتہ روز برطانیہ واپس پہنچ گئے ھیں۔

لندن واپس پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار کشمیری عوام پاکستان اور کشمیر کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا کام کر رہے ھیں لیکن اسلام آباد ایئر پورٹ پر سرکاری اہلکار بڑی ڈھٹائی سے رشوت مانگتے بلکہ یوں سمجھئے کہ جیبوں کی بھی تلاشی لینا شروع کر دیتے ہیں ان کا بس چلے تو مسافروں کو ننگا کر کے بھیجیں۔ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں حکمران طبقہ کو عوامی مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں کشمیری عوام کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔

حکمران برادریوں کی سیاست میں مصروف عمل ہیں اور کشمیری کی عوام کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ہم نے متاثرین زلزلہ سے خصوصی طور پر بات چیت کی لیکن ان کے لئے سہولیات کا بے حد فقدان پایا ۔ کنٹرول لائن کے رہاشیوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے حکومت پاکستان اور بھارتی حکموت کو اس سے غرض نہیں لیکن دونوں ممالک کی اسلحہ نمائش کا خمیازہ کشمیری عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے سکولوں اور ہسپتالوں میں صفائی کا کوئی انتظام نہیں بلکہ ہسپتالوں سے لوگ کئی اور بیماریاں لےساتھ واپس آ رہے ہیں۔سرکاری عمارات آثار قدیمہ کا منظر پیش کر رہی ہیں اور شہر کھنڈرات کی تصاویر بنے ھوۓ ھیں۔ نکاسی کا نظام بھی جو کا توں ہے عوام ذہریلا پانی پینے پر مجبور ہے ستم ظریفی دیکھئے کہ ہمارے وسائل سے پیدا کردہ بجلی سے پاکستان تو روشن ہو رہا ھے لیکن ریاست کے اس حصہ کی تاریکیاں دور نہیں کی جا سکیں ایسے میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم اپنے حالات پر ماتم کر رہی ہے۔۔