نواز شریف حکومت کے لئے آئندہ سو دن اہم ہیں: شیخ رشید

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی حکومت کیلئے آئندہ سو دن بہت اہم ہیں آئندہ سو دن میں میں انکی حکومت نہیں دیکھ رہا۔ یہ بات انہوں نے جدہ میں پاکستان جرنلسٹ فورم کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے افطار ڈنر میں اخباری نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اب تو لڑائی گھر میں ہی شروع ہو چکی ہے۔

نواز شریف کا خیال ہے کہ شہباز شریف فوج کے ایجنٹ ہیں اس لئے وہ انہیں بھی اقتدار حوالے کرنے کو تیار نہیں۔ مجھے شہباز شریف کا جمعہ بازاروں کے دوروں کے علاوہ کوئی بیان دکھا دیں۔ ایسا کونسا ملک ہے جس کا وزیر اعظم باہر بیٹھ کر حکومت چلائے، ملک ای میل اور کمپیوٹر، سوشل میڈیا کے ذریعے چلایا جا رہا ہے جو ملک کے ساتھ زیادتی ہے جس ملک کا سرحدی، اقتصادی، اندرونی امن و امان کا معاملہ سنگینی اختیار کئے ہوئے ہے وہاں کا وزیر اعظم دو ماہ سے ملک سے باہر رہے ؟ سارا نظام خراب ہوا ہے اور میاں نواز شریف کی خواہش ہے کہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ تک باہر ہی رہیں جو ممکن نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم بین الاقوامی طور پر بھی اب علیحدہ ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہماری ناقص پالیسیوںکی وجہ سے چین جیسا پیارا دوست بھی ہم سے ناراض نہ ہو جائے۔

امریکہ ہمارے سی پیک کے پیچھے پڑا ہے وہ اسے ہر ممکن طور پر کامیاب نہ ہونے کو یقینی بنائے گا چاہے وہ بھارت کا سہارا لے ۔ ہماری کمزور خارجہ پالیسی ان تمام چیزوں کا مقابلہ کرنے کی اہل نہیں۔ حکومتی پالیسیوں کی بناءپر کراچی اور بلوچستان آگ میں جل رہا ہے ، ایم کیوایم کے بھتہ خوروں سے نجات حاصل کرکے ایم کیو ایم کو عوام کی خدمت کا موقع دیا جائے چونکہ عوام نے انہیں ووٹ دیا ہے۔

میڈیا میں انکی جاری ہونے والی سیلفیوںکے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ میں نواز شریف کے میڈیا سیکشن کو تنبیہہ کرتا ہوںکہ وہ باز آجائیں میں بچوںکے منہ لگنا نہیں چاہتا جہاز میں موجود کئی لوگوں نے تصاویر بنوائیں جن کی تصاویر میڈیا پر جاری کی گئی ہیں وہ میری بچیوںکی طرح ہیں۔

شیخ رشید نے کہا میاں صاحب عید کے بعد عوامی احتجاج کا سامنا کرنے کی تیاری کریں اب صرف پی ٹی آئی اور طاہر القادری نہیں کئی جماعتیں انکے خلاف سڑکوں پر آئینگی اور انہیں مشکل پیش آئیگی۔ نواز شریف کا وقت سے قبل گھر جانے کا فیصلہ عوام کر چکے ہیں۔