نواز شریف کی جان کیری سے ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

Nawaz Sharif,John Kerry Meeting

Nawaz Sharif,John Kerry Meeting

نیو یارک (جیوڈیسک) وزیرا عظم نواز شریف نے وفد کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے نیو یارک میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جو بیس منٹ سے زیادہ جاری رہی۔ افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکی نمائندہ لارل ملر نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔

اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اٹھایا۔ انہوں نے کہا کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ بان کی مون نے کشیدگی پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اس سلسلے میں کردارادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف سے سینی گال کے صدر میکی سال نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سینی گال کو جے ایف 17 تھنڈر طیارے اور دفاعی آلات کی فراہمی کی پیشکش کی۔