نواز شریف کی میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر حاضری ، پھول چڑھائے

Major Aziz Bhatti Shaheed Mazar

Major Aziz Bhatti Shaheed Mazar

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں بیدیاں کے قریب میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ لاہور میں ہی میجر شبیر شریف کے مزار پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور قوم کے عظیم سپوت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

1965 کے معرکہ حق و باطل میں لاہور کے محاذ پر چھ دن تک ڈٹے رہنے والے میجر عزیز بھٹی شہید کی بیدیاں میں جائے شہادت پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر حاضری دی۔

فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پاک فوج کے بینڈز نے خوبصورت دھنیں بکھیر کر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان سمیت پاک فوج کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر شریک عام شہریوں اور میجر عزیز بھٹی کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ 1971 میں دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے والے قوم کے ایک اور سپوت میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔