نوازشریف کی نیب پر تنقید سے حالات بتارہے ہیں کہ بہت کچھ ہونے والا ہے، خورشید شاہ

Khursheed Shah

Khursheed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ نیب نے پنجاب میں قدم بڑھایا تو نوازشریف نے بیان دیا جس سے حالات بتارہے ہیں کہ بہت کچھ ہونے والا ہے۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ نیب نے پنجاب میں قدم بڑھایا تو نوازشریف نے بیان دیا جس سے حالات بتارہے ہیں کہ بہت کچھ ہونے والا ہے، نیب کے بارے میں وزیراعظم کے بیان پر حیرت ہوئی، وزیراعظم نے بیان پر تنقید کے لیے ٹائمنگ اور جگہ مناسب نہیں چنی، اگر انہیں ایسی بات کرنا تھی تو پارلیمنٹ میں آکر کہتے اور اسے اعتماد میں لیتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کو کچھ نہیں سمجھتے البتہ کنٹینر سیاست جاری رہتی تو پارلیمنٹ کی اہمیت بھی برقرار رہتی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جب دوسرے صوبوں میں نیب کام کررہی تھی تو حکومت خاموش تھی لیکن جب پنجاب کا نمبر آیا تو وزیراعظم کا بیان سامنے آیا اور جب چھوٹے صوبوں میں کارروائی ہورہی تھی تو حکومت کے وزرا کو زیادتی نظر نہیں آرہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے صرف نیب کے طریقہ کار پر اعتراض ہے اور کچھ نہیں، نیب بس اپنا طریقہ ٹھیک کرے ، نیب بغیر تفتیش کے لوگوں کو ملزم ٹھہراتی ہے جب کہ ہونا یہ چاہیے کہ مکمل تفتیش کے بعد چارج شیٹ ہو اور ثبوت سامنے آنے کے بعد کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیب پر اعتراض سے نوازشریف سے متفق ہوں لیکن نیب کے بارے میں ہماری اپنی رائے ہے اس پر (ن) لیگ کو اس بیان پر سپورٹ نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو چننے میں میرا بھی کردار ہے کیونکہ چیئرمین کا انتخاب اپوزیشن کی مشاورت سے ہوا ہے ایسا لگتا ہےکہ ہم نے غلط بندہ چن لیا ہے۔